نئی دہلی،16؍ستمبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بی سی سی آئی نے 22؍ستمبر سے کانپور میں نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والے ملک کے 500ویں ٹیسٹ میچ کے موقع پر جشن منانے کے لیے سبھی سابق ہندوستانی کپتانوں کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے،لیکن اس فہرست میں محمد اظہر الدین کا نام نہیں ہے۔ان پر مبینہ طور پر میچ فکسنگ میں شامل ہونے کے لیے تاحیات پابندی لگائی گئی تھی ، تاہم اظہر کو عدالت کی طرف سے بری کیا جا چکا ہے، لیکن بی سی سی آئی پھر بھی انہیں سرکاری پروگرام میں مدعو نہیں کرتا۔ٹاس کے لیے بھی ایسا چاندی کا سکہ تیار کیا جا رہا ہے جس پر 500واں ٹیسٹ لکھا ہوگا۔بی سی سی آئی کے سینئر افسر اور اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر راجیو شکلا نے کہا کہ اسے یادگار بنانے کے لیے بی سی سی آئی کی طرف سے کئی طرح کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔شکلا نے کہاکہ بی سی سی آئی اس ٹیسٹ میچ کے دوران تمام سابق کپتانوں کو اعزاز سے نوازنا چاہتا ہے۔گرین پارک 4 ٹیسٹ میچوں کا پہلی جگہ ہے جس کے بعد چیپک، وانکھیڑے اور ایڈن گارڈن پر میچ ہوں گے۔بی سی سی آئی اس کے لیے سارے انتظامات کر رہا ہے۔ناری کنٹریکٹر ، چندو بورڈے، دلیپ وینگسرکر، کپل دیو، روی شاستری، سنیل گواسکر، سوربھ گنگولی، سچن تندولکر، وریندر سہواگ، کے سری کانت کے اس موقع پر پہنچنے کی توقع ہے۔چیف کوچ انیل کمبلے بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔راہل دراوڑ کے بھی ہندوستان اے دورے سے واپس آنے کی امید ہے۔شکلا نے کہاکہ بی سی سی آئی یوپی سی اے کے ساتھ مل کر ہندوستانی کپتانوں کے لیے ایک ضیافت کی میزبانی بھی کرے گا جس میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیمیں موجود رہیں گی۔بی سی سی آئی اور یوپی سی اے محروم بچوں کے لیے 500 واں ٹیسٹ لکھی ٹی شرٹ بھی تیار کروا رہا ہے جو سبھی ٹیسٹ میچوں کے دن میں اسٹیڈیم میں موجود بچوں کو دی جائیں گی۔